مفتاح اسماعیل

سیلاب متاثرین کی مدد کریں، 9999 پر میسیج کرکے 10 روپے عطیہ دیں، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہمارا قومی، مذہبی اور انسانی فریضہ ہے، بچے، بیٹے، بیٹیاں میری بہنیں 9999 پر میسیج کرکے 10 روپے کا چندہ دیں.

سندھ کے مختلف اضلاع میں جو بارش ہوئی اس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی، تمام پاکستانیوں کو دوسرے مقاصد سے بالاتر ہو کر سیلاب کے متاثرین کی مدد کرنی چاہیے.

وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج سکھر گئے تھے وہ حیدرآباد کا دورہ کریں گے، ابھی تک ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو 28 ارب روپے دے چکے ہیں تاکہ ہر خاندان کو فی الفور 25 ہزار روپے مل جائیں، جن کا اس وقت کوئی یارومددگار نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے غریب ترین علاقوں میں سیلاب آیا ہے، جن کے پاس کچھ بھی نہیں ہے، وہ لوگ راشن خرید لیں، ٹینٹ یا مچھر دانیاں خرید لیں، ساڑھے گیارہ لاکھ خاندانوں کو اگلے ہفتے میں یہ پیسے پہنچ جائیں گے، بلوچستان اور سندھ میں پیسے ادا کرنا شروع کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بتا رہے تھے کہ جب ان کا جہاز سکھر میں اتر رہا تھا تو ایسا لگ رہا تھا کہ نیچے صرف دریائے سندھ ہی ہے، ہر جگہ پانی ہی پانی تھا۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹانک اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بہت برا حال تھا، وہاں پر ریسکیو کی ٹیمیں بھی پھنس گئی تھیں، آج سوات اور کالام میں بھی بارش ہوئی ہے اور وہاں بھی صورتحال خراب ہے، گزشتہ 10 دنوں میں سندھ کے مختلف اضلاع میں جو بارش ہوئی ہے اس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔

وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو دوسرے مقاصد سے بالاتر ہو کر سیلاب کے متاثرین کی مدد کرنی چاہیے، آپ لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں عطیات دیں، ایک ایک پیسہ شفاف طریقے سے خرچ ہوگا، آپ جس طرح بھی خیرات دیتے ہیں، اسی طرح چندہ دیں، لوگوں کو ساز و سامان پہنچائیں۔