عبدالحکیم (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نالائق نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے قوم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے مہنگائی بیروزگاری اور کرپشن کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے حکمرانوں اور اپوزیشن جماعتوں کو سیلاب میں پھنسے افراد سے کوئی دلچسپی نہیں.
عوام پیپلز پارٹی ،(ن) لیگ اور تحریک انصاف کے سیاہ کارناموں کو پہچان چکی ،اب نظریں جماعت اسلامی کی طرف ہیں ،ملک کو سیاسی معاشی بحرانوں سے صرف جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی گلیوں کوچوں اور ایوان بالا میں عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کی 22 کروڑ عوام کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا ہے .
لٹیرے سیاستدان آئی ایم ایف کے ایجنٹ اور غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں قوم اب انکا بھیانک چہرہ پہچان چکی ہے اب عوام انکے کھوکھلے نعروں اور دھوکے میں نہیں آئیگی ان جاگیرداروں اور لٹیروں نے بار بار اقتدار کے مزے لوٹے مگر ہر بار قوم کو مایوس کیا اب قوم بھی انہیں معاف نہیں کریگی ان شا اللہ آئندہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی حکومتوں نے ملکر ملک کو 50 ہزار ارب روپے سے بھی زائد کا مقروض کر دیا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ اگر قرضوں کی بنیاد پر ملک ترقی کرتے تو آج چاند پر ہوتے اب باشعور عوام کرپشن بیروزگاری لاقانونیت سودی معیشت اور منہ زور مہنگائی کے خاتمے اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر قوم کو مایوس نہیں کریگی.
انہوں نے کہا کہ ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا سودا کرنے والے بے حس حکمران قوم کے مجرم ہیں انہوں نے غریب کے بچے کا نوالہ چھین لیا والدین بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ نہیں کرسکتے بچوں کی سکول فیس ادا نہیں کر سکتے عام آدمی مکان کا کرایہ نہیں دے سکتا چھوٹا دکاندار اور گھریلو صارفین بجلی گیس کے بل ادا نہیں کر سکتے کوئی بیمار ہو جائے تو علاج کرانے کی سکت نہیں پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے سفر کرنا دشوار ہو گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بے حس حکمرانوں کی اولادیں باہر علاج باہر جائیداد باہر یہ لوگ غریب عوام کا درد کیا جانیں ؟ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ سے آٹا چینی دال گھی چاول چائے اور میڈیسن سمیت دیگر اشیا خوردونوش روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں آئی ایم ایف کے غلام سیاستدانوں نے غریب عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج جینا مشکل ہو گیا 75 سالوں میں جرنیلوں ،ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو بار بار آزمایا انہوں نے قوم کو دین سے بھی محروم کر دیا اور دنیا بھی تباہ کر دی اقتدار کے بھوکے حکمرانوں نے ایکدوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے چور چور اور الزامات کی پر اتر آئے اسمبلیوں کو مچھلی منڈی بناتے رہے ان کے ہاتھوں کسی کی عزت محفوظ نہیں ۔
سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف تمہارا باپ ہوگا ہمارا نہیں ہم پاکستانی غیرت مند ہیں اللہ نے ہمیں سب کچھ دیا ہے مگر چور قیادت کی وجہ سے اسوقت ہم تباہی و بربادی کا سامنا کررہے ہیں ہمیں اپنے گھر جلانے کی بجائے چوکیدار کو بدلنا ہو گا اپنے پہریدار کو بدلیں حکومت اور اقتدار کے امام کو بدلیں حالات خود بخود بہتر ہو جائینگے ۔
انہوں نے کہا کہ حکمران جماعتیں سیاسی معاشی سماجی بحران کی ذمہ دار ہیں ملک کو تباہ کرنے والے قوم کا مذاق بھی اڑاتے ہیں اور دھوکہ بھی دیتے ہیں پی ڈی ایم اقتدار بچانے کیلئے سر جوڑ رہی ہے اور تحریک انصاف حکومت کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہے جماعت اسلامی نے ماہرین معیشت و قانون اور دانشور طبقات علما و مشائخ کو اسلیے اکٹھا کیا ہے کہ اب ملک کو کیسے بچانا ہے اسکا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ اور جماعت اسلامی ہے عبدالحکیم پہنچنے پر سراج الحق کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا ۔