قائداعظم گولڈ کپ

لاہور پولو کلب،قائداعظم گولڈ کپ ماسٹر پینٹس بلیک نے بی بی جے پائپس، ڈائمنڈ پینٹس نیوایج نے باڑیز کو ہرا دیا

لاہو: لاہور پولو کلب کے زیراہتمام انٹرنیشنل سٹیل نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ 2019 ء برائے قائداعظم گولڈ کپ کے پہلے روز ماسٹر پینٹس بلیک نے بی بی جے پائپس کو 10-2 سے جبکہ ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج نے زبردست مقابلے کے بعد باڑیز کو 8-7 سے ہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کے کینسل ہونیوالے میچز بدھ کو کھیلے گئے۔ دونوں میچز کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرزاحمد نواز ٹوانہ، عثمان حئی، ثاقب خاکوانی، سیکرٹری کرنل (ر) عثمان ناصر، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پہلے میچ میں ماسٹر پینٹس بلیک نے بی بی جے پائپس کی ٹیم کو بآسانی 10-2 سے ہرایا۔ ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے پہلے چکر میں دو جبکہ دوسرے چکر میں بھی دو جبکہ تیسرے چکر میں تین گول سکور کیے۔ چوتھے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا، پانچویں چکر میں ماسٹر پینٹس بلیک نے دو جبکہ بی بی جے پائپس نے ایک چکر سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے متیاس وائل پیراز نے پانچ خوبصورت گول سکور کیے ،احمد علی ٹوانہ نے تین جبکہ راجہ تیمور ندیم نے دو گول سکور کیے۔ بی بی جے پائپس کی طرف سے نکلوس کروٹی اور ممتاز عباس نیازی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ادھر دوسرا میچ بہت ہی زبردست رہا چوتھے چکر میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 7-7 گول سے برابر تھا جبکہ آخری لمحوں میں حسام علی حیدر نے زبردست گول کرکے میچ ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج کو جتوا دیا۔ پہلے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج نے دو جبکہ باڑیز نے ایک گول سکور کیا۔ دوسرے چکر میں تینوں گول ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج نے سکور کیے۔ تیسرے چکر میں باڑیز کی طرف سے گول سکور کیا گیا۔چوتھے چکر میں چاروں گول باڑیز نے سکور کیے جبکہ پانچویں چکر میں باڑیز کی ٹیم نے ایک جبکہ ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج نے تین گول سکور کیے۔ اس طرح ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج کی ٹیم 8-7 سے فاتح رہی۔ ڈائمنڈ پینٹس /نیوایج کی طرف سے سلواڈارعلاوااور حسام علی حیدر نے چار چار گول سکور کیے جبکہ باڑیز کی طرف سے باٹیسٹا بازوگر نے چھ جبکہ راجہ سمیع اللہ نے ایک گول سکور کیا۔ آج بروز جمعرات دو بجے پہلا میچ ماسٹر پینٹس بلیک اور ماسٹر پینٹس کے درمیان جبکہ دوپہر ساڑھے تین بجے دوسرا میچ باڑیز اور بی بی جے پائپس کے درمیان کھیلا جائے گا۔