لاہور(لاہورنامہ)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر رواں سال ہر موسم شدید سے شدید تر ہو جائے گا، سردی بھی اسی شدت سے پڑے گی۔
محکمہ موسمیات نے رواں سال موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خشک بارشوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ویوز، برفانی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات میں اضافے، سیلاب اور اس کے بعد کولڈ ویوز کا خطرہ بھی ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شروع ہو چکے ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر رواں سال ہر موسم شدید سے شدید تر ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ غیر معمولی بارشوں کے بعد اب ملک میں موسم سرما کے دوران سردی بھی شدید پڑے گی۔محکمہ موسمیات نے ایکسٹریم کولڈ ویوز کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہر موسم اپنے معمول سے زیادہ شدت سے آئے گا، گرمی، سردی اور بارشوں کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا، جب کہ برفانی جھیل پھٹنے کے واقعات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ ایسے واقعات اب ہر سال ہوا کریں گے اور ان کی شدت اور تعداد میں بھی اضافہ ہو گا، موسمیاتی تبدیلی اسی کو کہتے ہیں جو پاکستان میں اب شروع ہو چکی ہے۔