گلگت(لاہورنامہ)وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جس پیکج کا علان پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لیے کیا گیا اسی پیکج پر گلگت بلتستان میں بھی عمل ہوگا اور متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے سروے سب سے پہلے گلگت بلتستان سے شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جو ہمارے بہن بھائی سیلاب کی وجہ سے اس دنیا سے چلے گئے ہیں ان کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے پرائم منسٹر پیکج کے تحت 10لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ہے، زخمیوں کے لئے بھی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دوسرا مرحلہ متاثرین سیلاب کو رریسکیو کرنا ہے،اس مد میں پی ڈی ایم اے کو ضروری سامان دیدیا ہے، متاثرین کو عارضی رہائش گاہوں یا کرائے کے مکانوں میں شفٹ کر دیا ہے یا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ تیسرا مرحلہ متاثرین سیلاب کی بحالی کا ہے،اس مرحلے میں متاثرہ علاقوں کا تفصیلی سروے ہوگا، ملک کے دوسرے حصوں میں اس وقت پانی کھڑا ہے.
وہاں پر اس وقت سروے ممکن نہیں ہے،اس لئے سروے پہلے گلگت بلتستان سے شروع ہوگا اور اسے جلد مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بجٹ پر پہلے بھی کٹ لگنے نہیں دیا اور آئندہ بھی ایسا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوںکا دورہِ کریں گے اور گلگت بلتستان حکومت کی مدد کے لئے فنڈز کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہِ کریں گے۔