لاہور (لاہورنامہ) جانز ہوپکنز یونیورسٹی (jhpiego) کے تعاون سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں پراونشل لیول کے سینئر لیب اسٹاف ماسٹر ٹرینرز کورسز پایہ تکمیل کو پہنچ گئے.
تربیتی کورس کو تین بیچز میں تقسیم کیا گیا جس میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریز کے 45سٹاف ممبرز جن میں microbiologist، molicular biologist اور سینئر میڈیکل ٹیکنولاجسٹ شامل تھے، کو بائیو سیفٹی(Biosafety)، بائیو سیکورٹی(Biosecurity)، رسک مینجمنٹ (Risk Management)،کوالٹی ایشورنس(Quality Assurance) اور کووڈ ٹیسٹ کی تربیت فراہم کی گئی۔
تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ آئی پی ایچ لیفٹننٹ جنرل (ر) خالد مقبول کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سرکاری و نجی ہسپتالوں کو ٹرینڈ اور کوالیفائیڈ افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے جو اقدامات کر رہا ہے وہ نہایت قابل ستائش ہیں اور اس مقصد کیلئے بین الاقوامی شہرت رکھنے والے اداروں سے معاونت بہت احسن اقدام ہے۔
خالد مقبول کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ اداروں کی جانب سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ساتھ جائنٹ وینچر ان اداروں کا IPH کے تدریسی و تربیتی معیار پر اعتماد کا اظہار بھی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن اس بات کا متقاضی ہے کہ اس پیشہ سے وابستہ افراد ہمیشہ اپنی پروفیشنل صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنے نالج میں اضافہ کیلئے کوشاں رہیں تاکہ وہ مریضوں کا علاج اور بیماری کی تشخیص پورے اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔
تقریب میں آئی پی ایچ BSLIII لیب کے انچارج ڈاکٹر عبید اللہ قاضی نے بتایا کہ jhpiegoجانز ہوپکنز انسٹیٹیوٹ کی NGO ہے جو پورے پاکستان میں ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور پنجاب میں آئی پی ایچ کے تعاون سے ہسپتالوں کی لیبارٹریز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اسٹاف ٹریننگ پر کام ہو رہا ہے۔تقریب میں jhpiego کے نیشنل ٹیکنیکل مینیجر لیب سرویلنس ڈاکٹر افضل، کنسلٹنٹ شہباز احمد اور آئی پی ایچ کے سینئر ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی۔مہمان خصوصی نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے مختلف ہسپتالوں کیاسٹاف ممبرز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔