کراچی (این این آئی)معروف اداکارہ مہوش حیات نے عالمی اداروں اور دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بے گھر ہونے والے لاکھوں پاکستانیوں کی مدد اور بحالی کے لیے آگے آئیں اور سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں میں کام کرنے والی عالمی تنظیموں کی مدد کریں۔
مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں عالمی برادری اور مداحوں سے بات کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں سیلاب سے 3کروڑ 30لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے لاکھوں لوگ تاحال بے گھر ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اداکارہ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے اب تک ملک بھر میں 1500 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ ایک ماہ کے اندر سیلاب متاثرہ 70 ہزار خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد غذائی قلت سمیت صحت کی سہولیات سے بھی محروم ہیں اور اس وقت ان کے لیے ایک گولی اور ایک روپے کی مدد بھی ان کے بہت کام آ سکتی ہے۔
مہوش حیات نے عالمی فلاحی اداروں، ممالک اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی متاثرین کی بحالی کیلئے آگے آئیں اور ان اداروں کے ساتھ تعاون کریں جو پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلاحی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ برطانوی فلاحی ادارے پینی اپیل کو اپنے عطیات دے سکتے ہیں، جس کی اداکارہ ایمبیسڈر بھی ہیں اور یہ ادارہ پاکستان کے سیلاب متاثرین علاقوں میں فلاحی کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔