بیجنگ (لاہورنامہ) چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد سے چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کررہا ہے۔
پاکستانی فریق کی ضروریات کے مطابق، چینی حکومت نے پہلے سے فراہم کی جانے والی 100 ملین یوآن کی ہنگامی انسانی امداد کے بعد مزید 300 ملین یوآن کا اضافی امدادی سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں قراقرم ہائی وے کے ذریعےچین کی جانب سے 200 ٹن سبزیاں جلد از جلد پاکستان پہنچائی جائیں گی۔
چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن، پاکستان کو موسم کی پیش گوئی کی معلومات اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی۔ قدرتی آفات بے رحم ہوتی ہیں لیکن انسانوں میں ہمدردی کا جذبہ ہوتا ہے۔ چین پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے لیے تیار ہے اور متاثرہ علاقوں میں سیلاب پر قابو پانے اور گھروں کی تعمیر نو کے لیے مختلف امدادی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔