لاہور(لاہورنامہ)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کا87واں بورڈ اجلاس ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ منعقدہوا جس میں ایک نئی پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم کی منظوری دی گئی۔
نئی ہائوسنگ سکیم ”پریزم ٹائون ” تحصیل گوجر خان کے موضع فروال دولال میں بنے گی۔پالیسی کے مطابق سکیم میں 20فیصد کوٹہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے لئے مختص ہے۔
سنیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت ہائوسنگ سکیموں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانا ہوگی۔ کم لاگت ہائوسنگ سکیموں پرتیزی سے عملدرآمد کے لئے ایس ایم بی آر کے آفس میں فوکل پرسن مقررہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کم لاگت ہائوسنگ سکیموں کا مقصد بے گھر افراد کواپنی چھت کی فراہمی ہے۔
سنیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ حکومت کی پہلی ترجیحی ہے اور عام آدمی کو اپنی چھت کی فراہمی کی سکیموں میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہائوسنگ عمر فاروق، ڈی جی پھاٹا خالد نذیر وٹو اور بورڈ ممبران و ڈیویلپرز نے اجلاس میں شرکت کی۔