انشورنس کی ضرورت

فصلوں کو تباہی اور آفات سے بچانے کیلئے انشورنس کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(لاہورنامہ)صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ کسانوں کو فصلوں کی تباہی اور آفات کی وجہ سے نقصان سے بچانے کیلئے فصلوں کی انشورنس کی ضرورت ہے.

عالمی حدت اور موجودہ سیلاب کے تناظر میں کسان دوست فصل انشورنس نظام متعارف کرانا ہوگا، جامعات کے ساتھ تعاون سے انشورنس انڈسٹری کو اپنی پالیسی اور مصنوعات کو ٹھوس تحقیق اور مستند ڈیٹا بیس پر مبنی بنانے میں مدد مل سکے گی ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت فصلوں کی انشورنس کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سینیٹر ثانیہ نشتر اور وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیہ گردیزی نے شرکت کی جبکہ وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل اور انشورنس کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

صدر مملکت نے کہاکہ کسانوں کو فصلوں کی تباہی اور آفات کی وجہ سے نقصان سے بچانے کیلئے فصلوں کی انشورنس کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ عالمی حدت اور موجودہ سیلاب کے تناظر میں کسان دوست فصل انشورنس نظام متعارف کرانا ہوگا۔ عارف علوی نے کہاکہ ملک کے زرعی شعبے کو بچانے ، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے جامع اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اپنائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ انشورنس انڈسٹری تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر مبنی ایک جامع ملک گیر مشاورتی پروگرام شروع کرے ، عالمی سطح پر کامیاب فصلوں کے انشورنس ماڈلز کو نمونے کے طور پر لیا جا سکتا ہے ۔ صدرمملکت نے کہاکہ ملک کی زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد اور تحقیق کیلئے تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ جامعات کے ساتھ تعاون سے انشورنس انڈسٹری کو اپنی پالیسی اور مصنوعات کو ٹھوس تحقیق اور مستند ڈیٹا بیس پر مبنی بنانے میں مدد مل سکے گی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز 12.5 ایکڑ یا اس سے کم اراضی کے مالک کسانوں کیلئے انشورنس مصنوعات متعارف کرائیں ۔