اسد عمر, اوورسیزپاکستانیز کمیشن

اسد عمرنے پنجاب اوورسیزپاکستانیز کمیشن میں فلڈز ریلیف فنڈ ڈیسک کا افتتاح کر دیا

لاہور (لاہورنامہ) سابق وفاقی وزیر اینڈ جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف اسد عمرنے وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن کے ہمراہ پنجاب اوورسیزپاکستانیز کمیشن میں فلڈز ریلیف فنڈ ڈیسک کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر کمشنر او پی سی سید خادم عباس، ڈائریکٹر جنرل او پی سی عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس میٹر امتیاز احمد ڈائریکٹر ایڈمن تنویر ماجد، ڈائر یکٹر ریونیو محمد اسلم رامے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں او پی سی پنجاب میں سابق وفاقی وزیر اینڈ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر کی آمد پر اُن کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے سابق وفاقی وزیر اینڈ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر کو پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے مختلف شعبوں کا وزٹ کروایا۔ کمشنر او پی سی سید خادم عباس نے پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اُنہوں نے بتایا کہ ویب پورٹل پر ابتک 30384 شکایات درج کی گئی ہے جن میں سے 20433 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے جس کی شرح 67% فیصد ہے۔ وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے بتایا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ویژن اور وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایات کی روشنی میں او پی سی پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور تحفظ کی فراہمی کے لیے مزید اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کو مزید فعال کرنے کیلئے صوبائی وزرا ممبران اسمبلی کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں۔ وائس چیئرپرسن او پی سی نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل اُن کی اولین ترجیجی ہے اور او پی سی میں ایک ہی چھت تلے حل کئے جا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اینڈ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں پاکستان تحریک انصاف اور پنجاب حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اولین ترجیحات پر حل کررہی ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے پہلے دور میں بھی سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے زبردست اور تاریخی کام کیے ہیں۔

اُنہوں نے او پی سی پنجاب کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پی ٹی آئی کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، یا تنظیمیں جنہیں پاکستان میں ریلیف ورک کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے وہ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے رابط کر سکتے ہیں۔