پروفیسر الفرید

ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر مریضو ں کا علاج کرنیوالے ہی مسیحا ہیں، پروفیسر الفرید

لاہور(لاہورنامہ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر تمام مریضوں کو علاج معالجے کی یکساں طبی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹرزہی مسیحا کہلوانے کے اصل حقدار ہوتے ہیں.

کیونکہ وہ اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اوراپنے اہل خانہ کے وقت کی پرواہ کیے بغیر ہمہ وقت دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے میسر ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں ” ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے” کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹرسحرش اقبال،نرسز اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

واک کے شرکاء نے محفوظ ادویات،کسی نقصان کے بغیر علاج پر مبنی تحریروں اور آگاہی پر مبنی کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ڈاکٹر خالد بن اسلم /ڈاکٹر سحرش اقبال نے کہا کہ مریض کے تحفظ کے زمرے میں ڈاکٹرز کی جانب سے نسخہ جات تحریر کرتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لینا بھی شامل ہے تاکہ اینٹی بائیوٹک سمیت دیگر ادویات کے غیر ضروری اور مقدار سے زیادہ استعمال کو بھی روکا جا سکے جس کے مریض کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ نرسز اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کو ایک عبادت سمجھ کر ادا کریں کیونکہ ان کے ہاتھوں اللہ تعالیٰ کی سب سے بہترین مخلوق یعنی انسانی جان ہوتی ہے جس کو بچانے کے لئے وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہوتے ہیں،اسی طرح مریض کی شفا یابی میں نرسز اور پیرا میڈیکس کا بنیادی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریض کے تحفظ اور اس کے حقوق کے حوالے سے ہمیں سلوگن اور عمل کے تضاد کو سامنے رکھنا ہوگا اور میڈیکل پروفیشن سے وابستہ ہر شخص کو اس سوال کا جواب تلاش کرنا ہے کہ ہسپتالوں و نجی کلینکس میں مریضوں کے تحفظ کیلئے حفظان صحت کے اصولوں پر مبنی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ تناظر میں ہیلتھ کئیر کمیشن اور دیگر اداروں کی ذمہ داریاں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں جن کے لئے انہیں عملی میدان میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اُس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ مریضوں کو پہنچ سکے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے عوامی شعور میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، لو گ اپنے حقوق کے بارے میں زیادہ فکر مند نظر آتے ہیں لہذا میڈیکل پروفیشن سے وابستہ افراد کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ان کے مریض کا مطمئن ہونا بہت اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ "ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے” منانے کا مقصد مریضوں کے ساتھ ساتھ شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد میں بھی شعورو آگاہی کے فروغ کے علاوہ انہیں اُن کے فرائض کی طرف بھی متوجہ کرنا ہے تاکہ ہمارے ہسپتال مریض دوست شفاخانوں میں تبدیل ہو سکیں،آنے والے مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر جائیں اور علاج گاہ میں صفائی ستھرائی حفظان صحت کے مسائل کے باعث وہ کوئی نئی بیماری یا انفیکشن میں مبتلا نہ ہوں کیونکہ جراثیم سے پاک ماحول مریض کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ اس موقع پر مریضوں، تیمارداروں اور شہریوں میں مختلف پملفٹس بھی تقسیم کیے گئے جسے لوگوں کی طرف سے سراہا گیا۔