پنجاب سٹیز پروگرام

میاں محمودالرشید کا پنجاب سٹیز پروگرام کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد

لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے نواحی قصبہ کامونکی میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت 2 ارب 70 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں میں واٹر سپلائی، سیوریج، سڑکیں، سٹریٹ لائٹس، پارکوں کی تزئین و آرائش اور ویسٹ مینجمنٹ شامل ہے ۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے لیے محکمہ بلدیات کو عالمی بینک کا تعاون حاصل ہے جو پنجاب کی 16 تحصیلوں میں شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامونکی شہر کی صفائی کے لیے 35 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی مشینری فراہم کی گئی ہے جن میں ٹریکٹر، ٹرالیاں، ڈمپر، کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں اور کرینیں وغیرہ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوھدری پرویز الٰہی کی خصوصی ہدائت پر شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عملے کی قلت پر قابو پانے کے لیے بلدیاتی اداروں کی 22 ہزار خالی آسامیوں پر آئندہ ہفتے تک شفاف بھرتی کا عمل شروع ہو جائے گا جس کے لیے سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوائی جا چکی ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ ہمارا نیا بلدیاتی نظام آئین کے آرٹیکل 140 اے کے مطابق ہے اور بلدیاتی نمائندوں کو مکمل بااختیار بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت عمران خان کے ویژن کے مطابق ہر شہری کو بنیادی سہولتیں اپنی دہلیز پر ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دو درجاتی بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں میں ماضی کی اوورلیپنگ اور کرپشن کا خاتمہ ہو گا جس میں ایک ہی سڑک چار چار بلدیاتی ادارے بنا رہے ہوتے تھے اور فنڈز ہڑپ کر رہے ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام پہلے سست روی کا شکار تھا لیکن جب سے محمداشرف سوہنا اس کے کوآرڈینیٹر بنے ہیں اس پر تیزی سے عملدرآمد ہونے لگا ہے ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب بھر میں اس طرح کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے عوامی شکائت پر کامونکی میں 14 کروڑ سے بننے والے سیور نالے میں مبینہ کرپشن کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔