لاہور(لاہورنامہ) پنجاب کے پانچ اضلاع میں پانچ سے لیکر بارہ سال نک کے بچوں کے لئے کورونا ویکسینیشن مہم کا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے گورنمنٹ پائلٹ ہائیر سیکنڈری سکول وحدت کالونی میں باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر، اے ڈی سی جی لاہور، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن اور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان بھی موجود تھے۔ڈاکٹر اختر ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم پانچ اضلاع لاہور۔ راولپنڈی۔ ملتان۔ بہاولپور اور اوکاڑہ میں شروع کی جارہی ہے جو 19 ستمبر سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کی پہلی خوراک ان پانچ اضلاع کے اڑتالیس لاکھ سے زائد بچوں کو دی جائے گی جبکہ ان اضلاع میں 6586 آؤٹ ریچ اور 773 فکسڈ سائٹس ٹیموں کے ذریعے ویکسین لگائی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ زیادہ تر بچے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں اور مدارس میں زیر تعلیم ہیں۔
اسکول سے باہر بچوں کو بھی آؤٹ ریچ ٹیموں کے ذریعے ٹیکے لگائے جائیں گے۔یہ مہم JSIـUSAID کی مدد اور عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی شراکت کے ساتھ منعقد کی جارہی ہے جبکہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ پنجاب ان اضلاع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے ساتھ ملکر مہم کا انعقاد کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے لئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ سکول ایجوکیشن، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن، محکمہ اوقاف، نان فارمل بنیادی تعلیم کا ادارہ اور دیگر محکمہ جات کا تعاون حا صل کیا گیا ہے۔محکمہ سماجی بہبود اور پیشہ ورانہ تنظیمیں جیسے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن اور فیملی فزیشن ایسوسی ایشنز بھی مکمل طور پر ساتھ دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا کہ ویکسینیشن نے دنیا بھر میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،کورونا وبا کے خلاف ویکسینیشن متعارف ہونے کے بعد سے اب تک لاکھوں جانیں بچائی جا چکی ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال میں کورونا ویکسینیشن کوریج میں نمایاں پیشرفت کی ہے جس سے زندگی کو معمول پر لانے میں کامیابی ہوئی ہے۔
کورونا ویکسینیشن مہم ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اب تک 12 سال سے زائد عمر کے آٹھ کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگا کرپاکستان میں سرفہرست ہے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پنجاب کی 96 فیصد آبادی کو کم از کم ایک خوراک جبکہ 92 فیصد آبادی کو کرونا وائرس کی مکمل ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔
پنجاب کی 40 فیصد سے زیادہ آبادی کو بوسٹر خوراک بھی لگائی جا چکی ہے۔ بوسٹر ڈوز کی مہم اب بھی جاری ہے۔ اس موقع سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد نے کہا کہ مختلف تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ بچے، خاص طور پر اسکول جانے والے۔ اسکولوں سے گھروں تک کورونا وائرس کی منتقلی کا باعث بن سکتے ہیں۔
اگرچہ اعداد و شمار کے مطابق بچوں میں کورونا وائرس کی شدت نسبتاً کم ہوتی ہے لیکن پھر بھی وہ وائرس گھروں تک لے جا سکتے ہیں، جس سے خاندان کے افراد بالخصوص بیمار اور بزرگوں میں بیماری پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام عالمی ادارے تجویز کرتے ہیں کہ پانچ سے بارہ سال تک کے بچوں کی ویکسینیشن محفوظ ہے اور بیماری کی منتقلی کو کنٹرول کرنے میں اس کا بہت بڑا کردار ہے۔
ڈاکٹر ارشاد نے کہا کہ کئی ممالک جیسا کہ امریکہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، اسپین، برطانیہ، ڈنمارک، پولینڈ پہلے ہی پانچ سے بارہ سال سے کم عمر کے بچوں کو ٹیکے لگا چکے ہیں۔ہمارے خطہ میں بنگلہ دیش اور بھوٹان نے 5 سے 12 سال سے کم عمر کے بچوں کی ویکسینیشن شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی شکایت یا معلومات کے لئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔