اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن )کے رہنما جاوید لطیف نے ایک بار پھر کہاہے کہ عمران خان بتائیں ایکس وائے کون ہے اور وہ کن کو فون کر رہے ہیں؟
پی ٹی آئی چیئر مین سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ملک میں پلاننگ سے فساد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہر ادارے پر حملے کی کوشش کی جا رہی ہے،مذہب کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے، عمران کا کوئی کلپ توڑ مروڑ کر پیش نہیں کیا،اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑانے نہیں دیں گے،میرے خلاف دہشت گری کے مقدمات پر جوڈیشل کمیشن بنا لیں ،اسلامی نظریاتی کونسل یا شریعت کورٹ مجھے اور عمران خان دونوں کو بلا لے،ہر فورم پر اپنا کیس ثابت کروں گا، لاڈلے کو آج بھی ہیرو کے طورپر پیش کیا جارہاہے ،اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو آپ پندرہ اکتوبر سے پہلے ہماری زبانیں بھی کھلتی دیکھیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہاکہ پاکستان کے اندر ان دنوں عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے ،پلاننگ سے فساد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،ہر ادارے پر حملے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مذہب کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں اداروں میں میر جعفر اور میر صادق ہیں ،وہ پاکستان کو سری لنکا بنانے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان تمام حدیں پھلانگ چکا ہے ،عمران کے خلاف ایف آئی آر ہوتی ہے لیکن دہشت گردی کی دفعات عدالت ختم کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی سفیر رات کے اندھیرے میں عمران سے ملتی ہیں اور عمران اداروں کے خلاف سخت موقف کے سامنے آ جاتے ہیں ،عمران کہتے ہیں ایکس وائی کا فون آئے تو اس کو واپس اسی طرح دھمکی دو،پہلے نام تو بتائو،اگر ہمیں کال آتی تھی تو ہم تو نام سامنے لے آتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ خود اعتراف کرتے ہو ایجنسیاں میرے دور میں بل پاس کرواتی تھیں اب کہتے ہو اپنے بل بوتے پر آیا ہوں۔میاں جاوید لطیف نے کہاکہ تم اینٹی کرپشن کا ڈی جی اس لیے تبدیل کرتے ہو کہ وہ آپ کے ذاتی انتقام میں حصہ دار نہیں بنتا،آپ علماء بورڈ کے علماء کو اس لیے ہٹا دیتے ہو کہ مخالفین کے خلاف فتوے دو،عمران خان بے شک مقدمے درج کر کے انتقامی کارروائی کرے لیکن اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑانے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان قرآنی آیات کا من پسند ترجمہ بند کرے۔ انہوں نے کہاکہ چیلنج کرتا ہوں میرے خلاف دہشت گری کے مقدمات پر جوڈیشل کمیشن بنا لیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل یا شریعت کورٹ مجھے اور عمران خان دونوں کو بلا لے،ہر فورم پر اپنا کیس ثابت کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے عمران کا کوئی کلپ توڑ مروڑ کر پیش نہیں کیا،عمران نے آج تک نہیں کہا کہ میں نے جو بار ہا کہا وہ میری غلطی تھی یا لاعلمی ہے۔
میاں جاوید لطیف نے کہاکہ گزشتہ روز عمران کے جلسے کے تمام انتظامات جس نے کیے وہ بھی ہمارے علم میں ہے،ہمیں عمران کی امریکی سفارتکار سے ملاقات کی ڈیمانڈز کا بھی علم ہے ،عمرانی خطرہ ناصرف پاکستان بلکہ پاکستان کے مسلمانوں کے ایمان پر بھی حملہ آور ہو رہا ہے،آج بھی کسی نہ کسی طرف سے لاڈلے کے سر پر ہاتھ رکھا جا رہا ہے ،عمران کے منہ میں جو آئے بولتا ہے اور یہ کسی کی آشیرباد کے بغیر نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ فتنہ خان کا ایجنڈا پاکستان میں فساد پھیلانا ہے ،میں اپنے کہے کو اسلامی نظریاتی کونسل، شریعت کورٹ، پارلیمانی کمیشن سمیت ہر فورم پر ثابت کرنے کیلئے تیار ہوں۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران پاکستان کے اسلامی تشخص پر وار کر رہا ہے،اس معاملے کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ایف آئی آر پر عدالت سے ضمانت نہیں کروانا چاہتا،میری جماعت فیصلہ کرے گی کہ اس حوالے سے کیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مقدمات اور جیلوں کا ساری زندگی سامنا کیا ،ہم نے اب بھی ریاست کے لیے سیاست کی قربانی دی ،آج بھی جو سلوک ہمارے ساتھ روا ہے وہ مناسب نہیں ہے،لاڈلے کو آج بھی ہیرو کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے ،اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو آپ پندرہ اکتوبر سے پہلے ہماری زبانیں بھی کھلتی دیکھیں گے۔