ڈاکٹر ثانیہ نشتر

چیئرپرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت اجلاس

لاہور(لاہورنامہ) چیئرپرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور احساس راشن رعایت پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

سی ای او پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی توصیف احمد کھٹانہ سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ اس وقت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں سروے کئے جا رہے ہیں۔ جن میں جانی اور مالی نقصانات، فصلوں اور گھروں کے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

سروے کا ڈیٹا موبائل ٹیبلٹس کے ذریعے جیو ٹیگنگ کی مدد سے اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے ڈیٹا کی تصدیق کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے شناختی کارڈز اور موبائل نمبرز کی تصدیق نادرا اور بنک کے ذریعے کی جائے گی جبکہ بد عنوان عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے بنک چیکس کی بجائے بنک اکاؤنٹ میں امدادی رقم براہ راست بھیجی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی تصدیق کیلئے صوبوں کو ضروری ڈیٹا فراہم کیا جائے۔ ٹیلی تھون کے نتیجے میں کریڈٹ کارڈٹرانزیکشنز کے ذریعے امدادی رقوم بھیجوانے والے افراد کو بھی مسائل کا سامنا ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام ایکٹ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے منظور کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی سے قانون کی منظوری کے بعد احساس پروگرام میں رجسٹریشن کا عمل شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کی کابینہ سے منظوری کیلئے سمری بھیجوا دی گئی ہے۔

سیلاب زدگان کو گھروں کی تعمیر اور بحالی کیلئے امدادی رقوم تقسیم کرنے کے میکانزم اور بنیادی صحت کے مراکز میں امدادی رقوم کی ادائیگی کیلئے عارضی بنک برانچ قائم کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔