اسلام آباد(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس دفعہ جو لائحہ عمل طے کر رہے ہیں اس سے رانا ثنا اللہ بھی حیران رہ جائیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے پیسوں کے لیے عمران خان اکیلے آواز اٹھا رہے ہیں اور یہ ہمارا ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کا پیسہ لوٹ کر برطانیہ گئے وہ واپس آکر وزیر خزانہ بن رہے ہیں اور جس طرح کی کلین چٹ ان لوگوں کو دی جا رہی ہیں اس سے معاشرہ تباہ ہو گا۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف نے ذمہ داریاں پوری ادا کی ہیں اور حقیقی آزادی کو ایک نئی جہد دے رہے ہیں، اب یہ تحریک اسلام آباد تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ جو لائحہ عمل طے کر رہے ہیں اس سے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ حیران رہ جائیں گے، 4 سے 5 ماہ میں پاکستان کی معیشت گھٹنوں پر آگئی ہے اور تنخواہ دار طبقے کے پاس بجلی کے بل جمع کرانے کے پیسے نہیں رہے۔