لاہور(لاہورنامہ) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ایل ڈی اے آفس کا اچانک دورہ کیا اور سہولت سینٹر میں لوگوں کی شکایات کے ازالے کے عمل کا جائزہ لیا ۔
سینئر صوبائی وزیر نے خود بھی شہریوں کے مسائل سنے اوربعض مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کیے۔ لوگوں کی شکایات کے تیز رفتاری سے ازالے پر سائلین نے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا شکریہ ادا کیا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ایل ڈی اے کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے افسران کو لوگوں کی شکایا ت کے ازالے کے لئے متحر ک ہو نا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کو صیح معنوں میں عوامی خدمت کا ادارہ بنائوں گا اورمیرے اچانک دوروں کا مقصد عوام کو فی الفورریلیف فراہم کرنا ہے۔
ایل ڈی اے کی اپنی سکیموں سے متعلق مسائل دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔پرائیویٹ رہائشی سکیموں سے متعلق شکایات کا بھی جلد ازالہ کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ جو افسر آفس لیٹ آئے گا یا سائلین کے جائز کام میں رکاوٹیں ڈالے گا، اس کے خلاف کارروئی ہو گی۔ افسران و ملازمین عوام کے خادم ہیں اور ان کے مسائل بروقت حل کیے جائیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔