لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے جرمن کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے پنجاب میں ماحول دوست ویسٹ ٹو انرجی پاور پلانٹ پراجیکٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ویسٹ ٹو انرجی پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے کے امور جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرین فیلڈ پاور پلانٹ سے پنجاب کو سستی بجلی ملے گی اورجرمن کمپنی کے ساتھ پراجیکٹ پرعملدرآمد کے لئے باقاعدہ ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے خدوخال کو جلد حتمی شکل دی جائے اور تمام متعلقہ محکمے ایم او یو کیلئے تیز رفتاری سے امور طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے حوالے سے ہر سطح پر شفاف طریقے سے کام ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ماحول دوست پاور پلانٹ لگانا وقت کا تقاضا ہے اور سموگ او رماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی او رروزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کے مسئلے سے بھی نجات ملے گی۔منصوبے کے پیپر ورک میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کاپلانٹ لگانا چاہتے ہیں۔
پلانٹ لگانے کے منصوبے میں اربوں کی سرمایہ کاری کریں گے جس سے 5ہزار لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔وفد میں جرمن کمپنی کے عہدیدارکرسٹن Mr.Carsten))اور دیگر شامل تھے۔رکن پنجا ب اسمبلی ساجد خان بھٹی، تنویر شاہ،محمدجبار، مشتاق گوندل، محمد آصف، محمدحسان،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری توانائی، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت، سپیشل سیکرٹریز وزیراعلیٰ آفس بھی اس موقع پر موجود تھے۔جرمن کمپنی دنیا کے 6مختلف ممالک میں گرین فیلڈ پاور پلانٹ لگا چکی ہے۔