گائنا کالوجسٹ, پروفیسر الفرید

خواتین کو زچگی سے متعلق آگاہی گائنا کالوجسٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے، پروفیسر الفرید

لاہور (لاہورنامہ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ جدید دور کی میڈیکل سائنس و ریسرچ ہمارے ینگ ڈاکٹرز کے لئے بڑے چیلنج سے کم نہیں جسے مد نظر رکھتے ہوئے اُن کے لئے تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں پر مسلسل توجہ دینا اور محنت و مطالعے کی عادت کو اپنانا نا گزیر ہے تاکہ وہ کم سے کم وقت میں بہترین کارکردگی کے حامل ڈاکٹرز بن کر مریضوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفرنے لاہور جنرل ہسپتال گائنی یونٹ3 میں پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل کی سربراہی میں ایف سی پی ایس، ایم سی پی، اور ڈی جی او سٹوڈنٹس کی امتحانی تیاری کے لئے رہنما اصولوں کے بارے میں منعقدہ دو روزہ کورس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب بھر سے گائنی کے شعبے سے متعلقہ ڈاکٹرز نے شرکت کی.

جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب،پروفیسر ڈاکٹر شہلا بقائی اور پروفیسر ندرت سہیل نے کورس کے شرکاء کو اُن کے امتحانی امور کے بارے میں رہنمائی اور تکنیکی معاملات سے آگاہ کیا۔ پروفیسر عاصمہ گل، پروفیسر فائقہ سلیم،ڈاکٹر مصباح جاوید، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر شمائلہ نے شرکاء کو عملی تربیت فراہم کی۔

پروفیسر الفرید ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کا حصول غیر متزلزل ارادے اور انتھک محنت کا متقاضی ہے اور وہی ڈاکٹرز امتیازی نمبروں سے میڈیکل کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں جنہیں اپنی کتب کے مطالعے کا جنون کی حد تک شوق ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حاملہ خواتین کی صحت، زچگی کے دوران پیش آنے والے مسائل اور اُن کے حل سے متعلق آگاہی گائناکالوجسٹ کی اہم ترین ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کے لئے اس شعبہ سے وابستہ ڈاکٹرز کو اپنا فریضہ عبادت سمجھ کر ادا کرنا چاہیے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ دوران تعلیم انتہائی محنت کرتے ہوئے مذکورہ مسائل سے نمٹنے کے لئے پیشہ وارانہ مہارت کے حامل ہوں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ ایک کنبے کی تیاری میں ماں اور بچہ بنیادی اکائی ہوتے ہیں اور گائنا کالوجسٹ اس حوالے سے بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ دنیا سمیت پاکستان میں مختلف وجوہات اور عوامی شعور نہ ہونے کی بنا پر ہر سال حاملہ خواتین کی بڑی تعداد اپنی جانیں گنوا بیٹھتی ہیں،شرح اموات کو کم کرنے کے لئے گائنا کالوجسٹ کو اپنے امور میں ماہر ہونا چاہیے جس کے لئے حاملہ خواتین کا طبی معائنے کے دوران ان کی مکمل کونسلنگ بھی ضروری ہے تاکہ حاملہ خواتین اپنا خود بھی خیال رکھ سکیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ امتحانی سینٹر میں پرچہ حل کرتے وقت انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا کریں اور پیپر جلد حل کرنے کی بجائے مقررہ وقت تک سینٹر میں موجود رہیں اور انہیں بھرپور اعتماد کے ساتھ سوالوں کے جواب دیں اور تکنیکی اصولوں کے تحت زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔