لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیرمونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم (Mr.Donald Blome) نے ملاقات کی۔
رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی بھی اس موقع پرموجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔امریکہ پنجاب حکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے اقدام کو سپورٹ کرے گا۔
ملاقات میں زراعت، متبادل توانائی،بہبود آبادی اورواٹرمینجمنٹ کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کورونا کی وباء کے دوران پاکستان کی بھرپور مدد پر امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اور تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ہماری حکومت تعلیم،صحت،بہبود آبادی،زراعت،متبادل توانائی اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں اصلاحات لارہی ہے۔
اس ضمن میں امریکہ کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔میرے سابقہ دور کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر سراہاگیا۔اب ہم نے آتے ہی ڈگری تک تعلیم اورکتابیں فری کردی ہیں۔تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی معاونت منشیات سے پاک پنجاب کے مشن میں ممدومعاون ثابت ہوگی۔
انسداد منشیات کیلئے خصوصی فورس بنے گی اورمنشیات کی خریدو فروخت کی اطلاع دینے والے کو انعام بھی دیا جائے گا۔منشیات کی خریدو فروخت میں ملوث ملزمان کے ٹرائل کے لئے خصوصی کورٹس بنیں گی اورروزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد منشیات کے حوالے سے پنجاب حکومت سے امریکہ کے تعاون کا خیرمقدم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واٹر مینجمنٹ کا پروگرام2002میں شروع کیا لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے اس پر کوئی کام نہیں کیا۔اب ہم نے کوہ سلیمان کے پانی کوچینلائزڈ کرنے پر دوبارہ کام شروع کردیا ہے۔کوہ سلیمان میں چھوٹے ڈیمز بھی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دریائے چناب پر دو بڑے ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
زرعی شعبہ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں امریکی تعاون کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ کپاس کے نئے بیج کے لئے امریکی تعاون سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔توقع ہے کہ پنجاب حکومت اورامریکہ درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ ملے گا۔ہماری حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کو محور بنا کرترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ امریکہ کے قونصل جنرل ولیم کے میکانیول (Mr.William K. Makaneole)، پولیٹیکل و اکنامک چیف کیتھلین گبیلیسکو(Ms. Kathleen Gibilisco)،سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سلمان غنی، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔