ہاشم ڈوگر

لاء اینڈ آرڈر خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا، ہاشم ڈوگر

لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیرداخلہ و جیل خانہ جات کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی فضا کو بر قرار رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں.

لاء اینڈ آرڈر کو خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ،گزشتہ دنوں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں تشدد کے جو واقعات پیش آئے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس قسم کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

گوجر انوالہ میں نوجوان پر پولیس کی جانب سے تشدد پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ اسی طرح فیصل آباد میں صحافی پر تشدد کے افسوس ناک واقعہ پر فوراَ َقانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔انہوںنے سیالکوٹ میں ذاکر کے قتل کے واقعہ کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پولیس کو ہدایات جاری کر دیں گئیں ہیں کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت ترین حکمت عملی عمل میں لائی جائے اورقانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جو افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داری ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ نہیں نبھائیں گے ان کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔موجودہ سیاسی صورتحال پر صوبائی وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن قائم ہو چکا ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

لانگ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ دو ہی صورتوں میں ہو گا۔ ایک جب چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان خود کال دیں گے تو ملک کے کونے کونے سے لوگ نکلیں گے اور دوسرااگر کسی نے عمران خان کے خلاف کسی بھی قسم کا کوئی غیر قانونی اقدام کیا گیا تو پارٹی نے فیصلہ کر لیا ہے کہ فوراََ لانگ مارچ کی کال دے دی جائے گی ۔

صوبائی وزیر داخلہ نے پاکستان اور انگلینڈکے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے کامیاب اور پر امن انعقاد پرپنجاب پولیس کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔