لاہور(لاہورنامہ)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کی ہدایت پرگداگری کے خاتمے کیلئے ریسکیو آپریشن کا سلسلہ جاری ہے اور ریسکیو ٹیم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد لاہور بھر میں ریسکیو آپریشن کئے جارہے ہیں تاکہ پیشہ ورگدا گروں کی حوصلہ شکنی ہو۔
اس حوالے سے لاہور میں ستمبر کے مہینے میں 342 بھکاری بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔ تحویل میں لئے گئے بھکاری بچوں میں 278 لڑکے اور 64 لڑکیاں شامل ہیں۔ یہ بات چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمدنے آج یہاں جاری ایک بیان میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ضلعی دفاتر کی ریسکیو ٹیموں نے 591 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف اوقات کے دوران ریسکیو ٹیم کی جانب سے ریسکیو آپریشن کئے جارہے ہیں۔
ان کے ساتھ ساتھ بھکاری بچوں کے بارے میں عوامی شکایات پر ہفتہ اور اتوار کو بھی ریسکیو آپریشن کئے جا تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد گداگری مہم کے تحت ریسکیو آپریشن لاہور سمیت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تمام ضلعی دفاتر کی جانب سے کئے جا رہے ہیں۔ تا کہ معاشرے کو پیشہ وار گدا گری کی لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
چیئرپرسن نے عوام سے اپیل کی کہ بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔