لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے فول پروف سسٹم وضع کرنے کا حکم دیا ہے او رکہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں،ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت اساتذہ کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر سیکرٹریز ہائر ایجوکیشن ،ریگولیشن اور قانون پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ،کمیٹی 14 روز میں اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔انہوںنے کہا کہ اساتذہ محنت اورجذبے سے قوم کے نونہالوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کیلئے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔تعلیمی اداروں میں منشیات کازہر پھیلانے والوں کو کڑ ی سزائیں دی جائیں گی۔پنجاب میں منشیات کے سدباب کیلئے بااختیار ادارہ بنایا جائے گا۔خصوصی عدالتیں اور پولیس سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اساتذہ کرام تعلیمی ادار وں میں منشیات سے بچاؤ کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا موثر کردارادا کریں ۔دین سے لگاؤ اوردینی تعلیم بھی منشیات سے بچاؤ کا ذریعہ ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گزشتہ دنوں گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج چونا منڈی کے ٹیچنگ سٹاف نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کنٹریکٹ اساتذہ کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کرائی ۔ سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔