ڈاکٹر محمد بن کریم العیسیٰ

سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد بن کریم العیسیٰ کو ہلال پاکستان دیا گیا

اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد بن کریم العیسیٰ کو ہلال پاکستان عطا کیا ہے۔

اس حوالے سے پیر کو ایوان صدر میں پروقار تقریب ہوئی جس میں اہم سیاسی و سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔ ان کو یہ اعزاز پاکستان کے لئے ان کی خدمات پر عطا کیا گیا ہے۔بعد ازاں صدر مملکت سے سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ، ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، مفتی عبدالشکور، سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی شرکت کی ۔ صدرمملکت نے کہاکہ ”اسلام فوبیا”مسلمانوں کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے ، اسلام کے حوالے سے دنیا میں پائے جانے والے خوف کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام دنیا کے لوگوں کے مابین امن، یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے ، مختلف اقوام کے لوگوں کو اسلام کے حقیقی پیغام سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے دنیا میں اسلام کے حقیقی تصور اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔صدر مملکت نے بین المذاہب کانفرنسوں، مکالموں اور اجلاسوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ اسلامی معاشروں میں اعتدال پسندی ، امن اور سماجی و اقتصادی انصاف کے فروغ کو یقینی بنائے جائے ، اسلامی معاشروں میں دہشت گردی اور عدم برداشت کے رحجانات کے خلاف صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہندوستان میں اسلام فوبیا کی جڑیں گہری ہیں اور اسکی ریاستی سطح پر سرپرستی کی جارہی ہے، ہندوستان کے مسلمانوں کو اسلامو فوبیا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے رابطہ عالمی اسلامی کی عالم اسلام میں فلاح و بہبود کے لیے کوششوں کو سراہا،صدر مملکت نے پاکستان میں اسلامی عجائب گھر کے قیام پر عمل درآمد کو بھی سراہا۔ صدر مملکت نے کہاکہ میوزیم کی تکمیل سے لوگ حضور اکرم ۖ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جان سکیں گے۔

صدر مملکت نے پاکستان کی انتہائی اہم مالی ضروریات اور سیلاب زدگان کی تکالیف کم کرنے کیلئے فراخدلی سے مدد فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

سیکرٹری جنرل نے کہاکہ پاکستانی سکالرز اور سول سوسائٹی اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش رکھتی ہے ۔سیکرٹری جنرل نے دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ۖ کانفرنس سے صدر مملکت کے خطاب کو بھی سراہا.