لاہور (لاہورنامہ) ماضی کی مقبول پنجابی فلم مولا جٹ میں ولن نوری نتھ کا کردار ادا کرنے والے مصطفی قریشی نے نئی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ فلم 200 کروڑ روپے کمائے۔
مصطفی قریشی نے نئی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم تو 30 لاکھ روپے سے بھی کم پیسوں میں بنی تھی مگر ان کی فلم کو اس وقت دیکھنے والوں نے امیر کردیا تھا اور مسلسل ساڑھے چار سال تک سینمائوں میں چلی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کی فلم بنی تو اس وقت فلم انڈسٹری کے پاس اچھی ٹیکنالوجی نہیں تھی مگر نئی فلم میں ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید بہتر کام کیا گیا ہے، اس میں افیکٹس اور ساونڈ سسٹم کا معیار انتہائی اعلی درجے کا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پرانی فلم میں بھی نوری نتھ کا کردار حاوی تھا اور نئی فلم میں بھی ولن کا کردار مضبوط ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سنا ہے کہ نئی فلم میں 50 سے 60 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور ان کی دعا ہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ 200 کروڑ روپے کمائے۔