لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے، مختصر مدت میں صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔
چودھری پرویزالہی کا کہنا ہے کہ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے، مسلم لیگ (ن)کے دور میں نمائشی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کو بے دریغ ضائع کیا گیا، ہم قومی وسائل کو فلاح عامہ کے منصوبوں کے لئے استعمال کر رہے ہیں، عام آدمی کواس کی دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں.
اسی مشن کے تحت صوبے کی تمام تحصیلوں میں ریسکیو 1122 سروس کو پھیلا یا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھایا ہے، موٹربائیک کے ذریعے تنگ گلیوں اور دشوار راستوں تک بھی ایمرجنسی سروس ممکن ہورہی ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے وسائل فراہم کرتے رہیں گے۔