لاہور (لاہورنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے احتجاج کے باعث مال روڈ کی بندش کیخلاف دائر درخواست پر کمشنر لاہور سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ۔
جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کئی روز سے دھرنا دے رکھا ہے، لیڈی ہیلتھ ورکرز نے متبادل جگہ پر احتجاج کی بجائے مال بند کر دیا.
عدالت عالیہ مال روڈ کو سکیورٹی لحاظ سے ریڈ زون قرار دے چکی ہے، مال روڈ ریڈ زون کے حوالے سے قانون بھی بن چکا لیکن عمل نہیں کیا جارہا، مصروف شاہراہ کی بندش سے عوام کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا ہے۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ مال روڈ ریڈ زون قانون پر عمل درآمد کا حکم دیا جائے اور انتظامیہ کو مال روڈ کھلوانے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔
جس پر عدالت نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کمشنر لاہور سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے سامنے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دھرنا دے رکھا ہے، ٹریفک جام ہونے سے شہر میں آلودگی بڑھ رہی ہے، کمشنر لاہور بتائیں کہ کہ دھرنا ختم کرانے کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔