محمد جاوید قصوری

تیل خریدنے سے قبل امریکہ کو آگاہ کرنے کا بیان قابل مذمت ہے،جاوید قصوری

لاہور (لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کا روس سے تیل خریدنے سے قبل امریکہ کو آگاہ کرنے کا بیان قابل مذمت ہے.

حکمرانوں نے ملک و قوم کی عزت ،وقار ، سلامتی کو مجروع اور خود مختاری امریکی غلامی میں دے دیا ہے ،وا ضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خزانہ کی سوچ غلامانہ ہے اور ان غلام ابن غلام لوگوں سے ملک و قوم کو خیر کی توقع نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان کہ ” پاکستان سے تمام عسکری اور دہشت گروہوں کے خلاف کاروائی جاری رکھنے کی توقع رکھتے ہیں”۔ ڈکٹیشن دینے کے مترادف ہے۔ پاکستان آزاد اور خود مختار ریاست ہے۔ امریکہ سمیت کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے ۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جتنی قربانیاں پاکستان اور اس کے عوام نے دی ہیں، اتنی کسی اور نے نہیں دیں۔ جماعت اسلامی کا شروع دن سے ہی یہ مطالبہ رہا ہے کہ امریکہ صرف اور صرف اپنے مفادات کو عزیز رکھتا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ سفارت کا ری کاجھکائو کسی ایک ملک کی جانب کرنے کی بجائے تمام ممالک کے ساتھ برابری سطح پر تعلقات استوار کرے۔ مگر بد قسمتی سے ہر دور حکومت میں ایسا نہیں ہوا جس کا خمیازہ ملک و قوم نے بھگتا ہے اور اس کی بھاری قیمت چکائی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو ہمیشہ غیر ملکی آقائوں کے حکم کے غلام رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سمیت سب نے قومی مفادات کو قربان کیا اور عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنی ہوگی اور غلامی کا طوق گلوں سے اتار پھینکنے تک یہ ممکن نہیں ہو سکتا۔