لاہور پولیس

لاہور پولیس کے مایہ ناز سپوتوں نے کھیلوں کی دنیا میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے،

لاہور (لاہورنامہ) لاہور پولیس کے مایہ ناز سپوت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ کھیلوں کی دنیا میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔

لاہور پولیس کے سابق ایس ایچ او سب انسپکٹر وقاص ظفر نے کرغستان میں منعقد ہونے والی ورلڈ سٹرینتھ لفٹنگ اینڈ انکلائن بینچ پریس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے لاہور پولیس اور ملک کا نام روشن کرنے پرفاتح کھلاڑی کو اپنے دفتر بلا لیا۔

سلور میڈل ونر سب انسپکٹر وقاص ظفر نے آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر سے ملاقات کی۔ایس ایس پی ڈسپلن اویس ملک اور دیگر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے عالمی چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور چاندی کا تمغہ جیتنے پر سب انسپکٹر وقاص ظفر کو مبارکباد دی۔

سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے سب انسپکٹر وقاص ظفر کو میڈل پہنایا اور عظیم الشان کامیابی پر شاباش دی۔سی سی پی او لاہور نے وقاص ظفر کو لاہور پولیس کی طرف سے تعریفی سند(سی سی-ون) اور نقد انعام سے نوازا۔

ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقاص ظفر جیسے ہونہار نوجوان پنجاب پولیس کا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں۔سی سی پی او لاہور نے سب انسپکٹر وقاص ظفر کو فتوحات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے اور لاہور پولیس کا نام مزید روشن کرنے کی ہدایت کی۔

عالمی چیمپئن شپ کے سلور میڈل فاتح سب انسپکٹر وقاص ظفر نے حوصلہ افزائی پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا شکریہ ادا کیا۔کرغستان میں ہونے والی ورلڈ سٹرینتھ لفٹنگ اینڈ انکلائن بینچ پریس چیمپئن شپ میں قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 19 میڈلز جیتے۔سب انسپکٹر وقاص ظفر نے میڈل جیتنے کے ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے کے ٹیکنیکل آفیشل کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔