وزیراعلیٰ پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکاکی ملاقات

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا (Dr. Riina Kionka) نے ملاقات کی،جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصا پانی کے نئے ذخائر کی تعمیراور سمال ڈیمز بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں ورکرز کی فلاح وبہبود،چائلڈ لیبر کے خاتمے،انسانی حقوق اوراقلیتوں کی ویلفیئر کیلئے کیے گئے اقدامات پربھی بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کورونا وباء کے دوران تعاون پریورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔

ہم یورپی یونین کے ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دوڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کیلئے چھوٹے ڈیمزبنائے جائیں گے۔ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جاسکے گابلکہ زرعی مقاصد کیلئے بھی پانی استعمال کیا جاسکے گا۔

یورپی یونین کی جانب سے ان منصوبوں کیلئے تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔سیلاب زدگان کیلئے این جی او اخوت کے اشتراک سے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ یورپی یونین بھی سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کرسکتی ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کے کام کا آغاز کردیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے۔