پرتھ (لاہورنامہ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حارث رئوف نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں پر تنقید تو ہوتی ہے، لوگوں کا کام ہے کہنا، وہ تو کہتے ہیں، اوروں کی باتیں سننے سے بہتر ہے اپنے کھیل پر فوکس کریں، ہم ٹورنامنٹ کھیلنے آئے ہیں، ہمارا فوکس ٹورنامنٹ پر ہے۔
پرتھ میں حارث رئوف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تنقید ہوتی ہے لیکن اس پر فوکس نہیں کر رہے، اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھا ہے، چھکے پڑنا یا کیچز ڈراپ ہونا سب گیم کا حصہ ہے۔ٹیم میں کافی بحث ہوئی ہے کہ اگلے میچز میں کیسے کھیلنا ہے، ہر پلیئر اگلے میچز میں اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں میچز قریب آکر کھیلے، کرکٹ میں اپ ڈائون ہوتے ہیں، جتنا عوام دکھی ہوتی ہے، ہم بھی شکست پر اتنا دکھی ہوتے ہیں، 2021 کا ورلڈ کپ تو ماضی کی بات ہوئی وہ گزر گیا، یہ نیا ورلڈ کپ ہے، جیسا چاہتے تھے ویسی شروعات نہیں ہوسکی۔فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم آپس میں بیٹھ کر بات کر کے غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے، ابھی ٹورنامنٹ باقی ہے، کوشش کریں گے کہ اگلے میچز میں اچھا کھیلیں۔
حارث رئوف نے مزید کہا کہ دونوں میچز میں اچھا فنش نہیں کر پائے، ٹیم میں بات ہوئی ہے کہ فنشنگ کو بہتر کیسے بنایا جائے، ٹیم میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا کافی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میچز کھیل رہے ہیں، کوئی ٹیم ہلکی نہیں ہوتی، ہر ٹیم یہاں جیتنے کے لیے آئی ہے، کسی ٹیم کو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آسان ہے، نیدرلینڈز کیخلاف بھی ہم اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے کہا کہ اگر ٹیم نہ جیتے تو پرفارمنس کا فائدہ نہیں ہوتا، ٹیم جیتے تو مزہ آتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ آج بروز اتوار پرتھ میں شیڈول ہے۔