لاہور (لاہورنامہ) وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم سید طارق محمود الحسن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی وزیر آباد حملہ میں جان بچانے والے ہیرو ابتسام سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب دفترمیں ملاقات کی۔
وائس چیئرپرسن او پی سی مخدوم سید طارق محمود الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتسام نے اپنی جان خطرہ میں ڈال کر بڑی دلیری اوربہادری سے عمران خان کی جان بچائی ہے اس طرح کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ابتسام پر فخر ہے کہ اُس نے حملہ آورکا بازو پکڑ کر اسے جھول دیاجس کی وجہ سے حملہ آور ہدف سے باہر ہو گیا۔
ملاقات میں صدر پی ٹی آئی برطانیہ عمران خلیل، رہنما پی ٹی آئی برطانیہ عمر اسحاق، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی برطانیہ رانا حامد،سید ثقلین حیدر، او پی سی کوآرڈینیٹر مبین سلطان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ وائس چیئر پر سن او پی سی مخدوم سید طارق محمود الحسن نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے قوم کے ہیرو ابتسام کو 25 لاکھ روپے نقد بطور انعام دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز عمران خان کے ہراول دستہ ہیں وہ قوم کے ہیرو ابتسام پر فخر کرتے ہیں جس نے عمران خان کی حملہ آور سے جان بچائی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صرف ایک عمران خان ہیں جسے قوم کھونے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔