اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان راستے بند کر کے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں؟، زبانیں بند کرنے والا آج سڑکیں بند کر رہا ہے ،عمران نیازی کا مقصد ملک میں انتشار، فساد، جلائو گھیرائو اور فتنہ پھیلانا ہے۔
وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ عمران خان کی وجہ سے ملک میں فساد ، انتشار اور نفرت پھیلی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی وجہ سے آج سکول اور ہسپتال کے راستے بند ہیں ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان جو پیسہ راستے بند کرنے اور جلائو گھیرائو میں خرچ کر رہے ہیں وہ سیلاب زدگان کی بحالی پر لگا دیتے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران نیازی جو پیسہ آگ لگانے میں لگا رہے ہیں وہ سیلاب زندگان کے کھانے اور گرم کپڑوں پر لگا دیتے۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ جو پیسہ ٹائر جلانے پر لگ رہا ہے وہ سیلاب زدگان کے چولہے جلانے میں لگا دیتے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ جو پیسہ سکول اور ہسپتال بند کرنے پر لگا رہے ہیں وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سکول اور ہسپتال بنانے پر لگا دیتے۔
انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کا مقصد ملک میں انتشار، فساد، جلائو گھیرائو اور فتنہ پھیلانا ہے، یہ وہ ڈھیٹ اور فسطائی شخص ہے جس نے سیلاب زدگان کی امداد پر بھی سیاست کی۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے چار سال تک عوام کی روٹی، بجلی، گیس، دوائی، روزگار بند کیں اور آج سڑکیں بند کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چار سال عوام کی دوائی بند کرنے والا آج مریضوں کے راستے بند کر رہا ہے۔