بینک آف پنجاب

بینک آف پنجاب اور پی ڈی ایم اے کے درمیان رقوم کی تقسیم کے حوالے سے معاہدہ

لاہو ر(لاہورنامہ) پراونشیل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے کمیٹی روم میں بینک آف پنجاب اور پی ڈی ایم اے کے درمیان سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے حوالے سے معاہدے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر ریلیف کمشنر زاہد اختر زمان، ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے ڈاکٹر فیصل سلیم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، معاہدے پر دستخط ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید اور گروپ ہیڈ سٹاف بینک آف پنجاب نوفل داود نے کیے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پراونشیل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے بینک آف پنجاب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے شفافیت۔ میرٹ،محفوظ رقوم ٹرانزیکشنز کیلئے معاہدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مالی امداد کے لیے 12 ارب روپے کی خطیر رقم بینک آف پنجاب کے ذریعے تقسیم کی جائے گی اور یہ رقم سیلاب متاثرین کے گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ کے لئے متاثرین میں ڈائریکٹ تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بینک آف پنجاب متاثرہ اضلاع کی 25 برانچز میں سیلاب متاثرین کو رقوم کی تقسیم کے لیے سپیشل کاونٹرز قائم کرے گا جہاں پر سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جائے گا۔