لاہور(لاہورنامہ)منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام سوسائٹی میں بڑھتا ہوا عدم برداشت اور اس کا تدارک کے موضوع پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی راہنما فضہ حسین قادری نے کہا کہ اسلام سے دوری نے زندگیاں اجیرن بنا دیں.
اعتدال پرمبنی رویوں کے فروغ اور پرامن معاشرہ کی تشکیل کے لئے خواتین سیرت النبی ؐ،سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ اورازواج مطہرات کی پاکیزہ زندگیوں کا مطالعہ کریں۔ گھر معاشرہ کی اکائی اور اخلاقی تربیت کا بنیادی مرکز ہے یہ علمی مرکز نفسانفسی کے اس دور میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کے منفی اثرات سوسائٹی پر مرتب ہورہے ہیں۔
گھر کے مرکزعلم و تربیت کو بچانے کے لئے والدین، علمائے کرام،اساتذہ اورریاست کواپنا دعوتی و تربیتی کردار ادا کرنا ہوگا۔فضہ حسین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے ملک بھر میں شہر شہر سیرت النبیؐ کانفرنسز منعقد کرنے اور فروغ علوم القرآن کی مجالس سجانے پر ویمن لیگ کی مرکزی قائدین کو مبارکباددی بالخصوص انہوں نے عرفان الہدایہ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔
فکری نشست میں فیصل آبادمیں خاوند کی طرف سے بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ یہ واقعہ سوسائٹی میں در آنے والے عدم برداشت کے رویے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے سیرت النبی ؐ کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ فکری نشست میں مرکزی صدر فرح ناز، مرکزی نائب صدر سدرہ کرامت، ناظمہ منہاجین عائشہ شبیر، ناظمہ انیلا الیاس، انشراح، عائشہ مبشر، ارشاد اقبال و دیگر نے اظہار خیال کیا۔