غلام محمود ڈوگر

جیلانی پارک فیسٹیول ،شرکا کو لاہور پولیس فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی، غلام محمود ڈوگر

لاہور (لاہورنامہ) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگرنے کہا ہے کہ لاہور پولیس جیلانی پارک میں منعقدہ اس رنگا رنگ فیسٹیول اور شرکا کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی،ونٹر فیسٹیول میں سٹالز لگانے کے علاوہ لاہور پولیس کا چاک و چوبند گھڑ سوار دستہ اور پولیس میوزیکل بینڈ بھی اس ایونٹ میں بھرپور انداز میں شرکت کرے گا۔

سی سی پی او لاہور نے جیلانی پارک میں منعقد ہونے والے ونٹر فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر اہلیان لاہور کے لئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ لاہور پولیس نے شہر میں منعقد ہونے والے تمام علاقائی، قومی و بین الاقوامی ایونٹس اور ان کے شرکا کو ہمیشہ بھرپور سکیورٹی فراہم کی ہے۔

لاہور پولیس محرم الحرام،عیدین،عرس،جشن بہاراں،یوم آزادی،ہارس اینڈ کیٹل شو،سپورٹس ایونٹس سمیت تمام پروگرامز کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس شہر میں امن و امان کے قیام،جرائم کے تدارک کے ساتھ ساتھ سیاسی،ثقافتی، سپورٹس و کلچرل سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومتی کاوشوں میں برابر کی شریک ہے۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا دل ہے۔شہر لاہور یہاں کے باسیوں کی شاندار تہذیب و ثقافت اور عظیم روایات کا تاریخی مرکز ہے۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس کو صوبائی دارلحکومت کی شاندار تہذیب و روایات اور رنگارنگ کلچر پر بیحد ناز ہے۔

سربراہ لاہور پولیس نے اہلیان لاہور کے لیے فیملی ونٹر فیسٹیول کے خوبصورت اور رنگوں سے بھرپور ایونٹ کے انعقاد پر حکومت پنجاب اور پی ایچ اے کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ فلاور شوز،آرٹ اینڈ کرافٹ نمائش، میوزک،فوڈ کورٹس، کلچرل شوز اور دیگر دلچسپ سرگرمیاں اس فیسٹیول کی رونق کو دوبالا کرتی ہیں۔

سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ لاہور پولیس کی انتھک محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں صوبائی دارلحکومت میں عالمی سطح پر سپورٹس و کلچرل سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔انہوں نے اہلیان لاہور سے درخواست کی کہ فیملیز، نوجوان،خواتین اور بزرگوں سمیت تمام شہری بھرپور طریقے سے اس ایونٹ میں شرکت کریں اور اسے انجوائے کریں۔