سرکاری اراضی واگزار

دو ماہ میں 1ارب 42کروڑ مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی،ضلعی انتظامیہ

لاہور (لاہورنامہ) ضلعی انتظامیہ لاہور نے گزشتہ دو ماہ کے دوران واگزار کروائی جانے والی سرکاری رقبہ کی رپورٹ جاری کر دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بڑے 09 آپریشنز کر کے 184 کنال سرکاری رقبہ کو واگزار کروایا گیا،واگزار سرکاری رقبہ کی کل مالیت 01ارب 42کروڑ بنتی ہے۔انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تحصیل کینٹ گوہاوہ میں 08کروڑ 70لاکھ کی مالیت کی 04کنال 07مرلہ سرکاری زمین کو واگزار کروایا گیا.

تحصیل رائیونڈ میں 05کروڑ کی مالیت کی 82کنال سرکاری رقبہ کو موضع رائیونڈ اور خودپور میں واگزار کروایا گیا،تحصیل سٹی میں 44کروڑ 20لاکھ کی مالیت کی 55کنال سرکاری زمین کو موضع اچھرہ اور ڈیوس آباد میں واگزار کروایا گیا،تحصیل ماڈل ٹائون میں 38کروڑ 20لاکھ کی مالیت کی 13کنال 05مرلہ سرکاری زمین کو واگزار کروایا گیا جبکہ تحصیل شالیمار موضع ہربنس پورہ اور قلعہ گجر سنگھ میں 45کروڑ مالیت کی کوئین میری کالج کی 08مرلہ اور پنجاب حکومت کی 29کنال سرکاری رقبہ کو واگزار کروایا گیا.

آپریشن میں بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اگلے مہینے کا لائحہ عمل بھی جاری کر تے ہوئے بتایا کہ تحصیل کینٹ میں تقریباً 1500000 مالیت کی حسن آباد میں 12کنال اور موضع ڈھلہ کلا میں 22کنال سرکاری زمین کو واگزار کروانے کے لئے آپریشن کیا جائے گا،تحصیل رائیونڈ میں 04 کروڑ کی مالیت کی 26کنال 11مرلہ کی پیمائش والی سرکاری اراضی موضع بھائی کوٹ، مانگا ہتھڑ اور رنگیل پور میں واگزار کروائی جائے گی.

تحصیل سٹی کی ٹیک سوسائٹی میں 01کنال 10مرلہ ، چک آصو اور موضع سرائچ میں سرکاری اراضی کو واگزار کروانے کے لئے 02انسداد تجاوزات آپریشنز کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔محمد علی نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں تحصیل شالیمار کے موضع ہربنس پورہ میں 04 انسداد تجاوزات کے آپریشنز کے تحت 10 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی جائے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو خصوصی طور پر ٹاسک سونپ دیا گیا ہے،تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں موجود سرکاری زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کروائیں،قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔