لاہور (لاہورنامہ) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ زبردست معاشی ٹیم رکھنے کے دعوے دار نااہل حکمرانوں نے قومی معیشت برباد کر دی ہے.
سزایافتہ مجرم قومی معیشت تباہ کرکے خاندان کے ہمراہ سیرسپاٹے پر نکل گیاہے، جن کی جائیدادیں، اولادیں اور کاروبار باہر ہو، انہیں قومی معیشت کی بربادی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے 90شاہراہ قائداعظم پر سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ سرپر منڈلا رہا ہے جبکہ امپورٹڈ سرکار کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔زرداری خاندان کی کرپشن نے سندھ کے عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کیلئے دیاگیا ہار چرانے والے دوسروں پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔سرٹیفائیڈ چور فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیسوں کا سہارا لے کر عمران خان کو کرپٹ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
عوام اس کرپٹ مافیا کے پراپیگنڈے پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی ایمانداری کی گواہی دے رہی ہے اور اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ عوام فرسودہ اور گلے سڑے نظام کو بدلنے کیلئے 26نومبر کو گھروں سے باہر نکلیں گے اورعوام کی طاقت سے ملک پر مسلط کرپٹ مافیا کو شکست دیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ 13جماعتوں کے حکمران اتحاد کے گھرجانے کا وقت آگیا ہے۔
ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا آزادی مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔ فسطائی حکمرانوں کی آزادی مارچ کو جبر سے دبانے کی ہر کاوش ناکام ہوگی۔ ان ملاقاتوں کے دوران پنجاب کے ترقیاتی مسائل اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر خرم شہزاد ورک، جمال ناصر چیمہ، میاں افتخار، میاں جلیل احمد شرقپوری، راؤ شاہد قیوم اور دیگر شامل ہیں۔