لاہور ( لاہورنامہ) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے صوبائی حلقہ 151میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اورایل او ایس روڑ سے فتح شیر تابھاول پورہاؤس روڑ کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے صوبائی حلقے میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حلقہ 151 کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کروائے ہیں۔ حلقے میں تعلیم، صحت کے نئے ادارے بنائے، انفراسٹرکچر اور پارک بہتر کئے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 26نومبر کوراولپنڈی میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ ملک کے کونے کونے سے لوگوں کی بڑی تعداد راولپنڈی پہنچے گی۔ اوورسیز پاکستانیز بھی حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کریںگے۔صوبائی حلقہ 151 سے بھی ایک بڑا قافلہ راولپنڈی پہنچے گا ۔
عمران خان راولپنڈی پہنچ کر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کر ینگے ۔ایک سوال کے جواب میںسینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ میرٹ پر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین گولیاں لگنے سے زخمی ہیں تاہم پارٹی کی باقی قیادت حقیقی آزادی اور انصاف کی بالادستی کیلئے سڑکوں پر ہے ۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ انصاف اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا رہے گا ۔ انصاف کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ہی جدوجہد کر رہے ہیں۔آئندہ انتخابات میں عمران خان دوتہائی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آکر اصلاحات کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تسنیم حیدر نے لندن میں بیٹھ کر معروف صحافی ارشد شریف کے قتل اور عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بارے میں جوبیان دیا ہے اس کی مکمل انکوائری ہونی چاہئے۔
سینئر صوبائی وزیر نے ترقیاتی کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور لوگوں سے علاقے کے ترقیاتی مسائل بھی دریافت کئے ۔اہل علاقہ نے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کرانے پر میاں اسلم اقبال سے اظہار تشکر کیا۔