مسرت جمشید چیمہ

صحافیوں کے قاتلوں کو پھانسی پر لٹکایا جاتا تو مزید شہادتیں نہ ہوتیں،مسرت جمشید چیمہ

لاہو ر(لاہورنامہ) ترجمان وزیر اعلی مسرت جمشید چیمہ نے شہید ارشد شریف کو انصاف دلوانے کیلئے دستخطی مہم میں شرکت کی ۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شہید ارشد شریف کیلئے آواز اٹھانے پر پی ایف یو جے کی شکرگزار ہوں، پاکستان میں ارشد شریف جیسے صحافی کا پہلا قتل نہیں تھا مگر اس کو آخری قتل بنائیں گے، اگر صحافیوں کے قاتلوں کو ماضی میں پھانسی پر لٹکایا جاتا تو مزید شہادتیں نہ ہوتیں.

ارشد شریف کو انصاف ملنے تک آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ارشد شریف کے قاتلوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کو ارشد شریف کے قتل کیخلاف تحقیقات میں شامل کیا جائے، ارشد شریف نے پاکستان کے مسائل کی بات کی.

اسکا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تھا، وہ ایک صحافی اور سچا محب وطن پاکستانی تھا، ارشد شریف پروفیشنلزم کی مثال آپ تھے، اپنے شہید بھائی کو انصاف دلانے کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کر نی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ انکی فیملی کو دی جائے۔ قتل کے کیس میں مدعی انکی فیملی ہے انہیں مطمئن کرنا ضروری ہے۔