لاہور (لاہورنامہ) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم کو شعور دیا اس لئے عوام ملک پر مسلط چوروں اور ڈاکوؤں کو کسی صورت قبول کرنے کیلئے تیار نہیں.
دنیا کا کوئی ادارہ وفاق میں بیٹھے کرپٹ ٹولے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں کیوں کہ سب جانتے ہیں کہ یہ منی لانڈرر ہیں، ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے اور معیشت کو مصنوعی سہارے دے کر کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حقیقی آزادی مارچ قافلے کی راولپنڈی روانگی سے قبل اپنے کیمپ آفس نیو مزنگ سمن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینئر صوبائی وزیر اسلم اقبال نے کہا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف جنگ آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، عمران خان کی کال پرپاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ آزادی مارچ میں شرکت کررہے ہیں، زندہ قومیں اپنے حق اور آزادی کے لئے آواز بلند کرتی ہیں جبکہ مردہ قوموں پر جتنا جبرکیا جائے وہ اتنا ہی دبتی ہیں.
وفاقی حکومت نے 25مئی کو جبر کیا، عوام نے 17 جولائی اور 16 اکتوبر کو بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کا خواب دیکھنے والے سوداگر یہاں ڈیرے لگا رہے ہیں، وہ یہ خیال دل سے نکال دیں کہ اراکین اسمبلی خرید کر حکومت بدل سکتے ہیں، عمران خان کو مائنس کرنے کی سازشیں بھی ہورہی ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گی.
عمران خان مقبول ترین لیڈر ہیں اور وہ اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل، انصاف اور قانون کی بالادستی کے لئے باہر نکلا ہے، وہ ملک کو چوروں اور ڈاکوؤں سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کررہا ہے اور حقیقی آزادی کی تحریک میں اس کا لہو بھی شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری سیاست تشدد اور توڑ پھوڑ کی نہیں بلکہ امن،غریب عوام کی محرومیاں خوشیوں میں بدلنے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کی ہے.
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عوامی اجتماع کوفول پروف سیکیورٹی کی فراہمی وفاقی حکومت اور ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے، وفاقی وزیر داخلہ باتیں کرنے کی بجائے دہشت گردوں کو پکڑیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں اس لئے فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے اور جنہیں عوام حکمرانی کا حق دیں وہی حکومت کریں، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں مجرموں کو بچانے کیلئے قوانین بدل دئیے گئے ہیں۔