جاوید لطیف

عمران خان کے احتساب کے بعد ہی عام انتخابات چاہتے ہیں ، جاوید لطیف

اسلام آباد(لاہورنامہ)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہم سے کارکردگی کا پوچھنے والے ہماری 2017کی کارکردگی سے جائزہ لیں، یہ بتایا جائے ملک کو مریض کس نے بنایا، کس نے غلط دوائیاں دیں.

جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ آپ دو صوبوں کے وسائل استعمال کرکے ایک تقرری روکنا چاہتے تھے، وہ تو رک نہیں سکی، اب آپ اسمبلیاں توڑنے کی بات کرتے ہیں، اب آپ نئی بلیک میلنگ کررہے ہیں لیکن مقروض ملک کے اربوں روپے الیکشن پر خرچ کرنے کے بعد تفریق مزید بڑھے گی.

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ، چینی، گندم اور ادویات سمیت دیگر اسکینڈلز کی چیزیں سامنے آنی ہیں، ابھی تو فارن فنڈنگ کیس کی تفصیلات سامنے آنی ہیں، ہمیں معلوم ہے ضمنی الیکشن میں کس پڑوسی ملک سے کس کے ذریعہ پیسہ آیا.

جاوید لطیف کا کہنا تھا جیسے یہ جماعت بنائی گئی اب بقول پرویز الہی اسی طرح بکھرنا شروع ہو گئی ہے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کا بڑا دھڑا ہمارے ساتھ رابطے میں ہے، ہم انتخابات چاہتے ہیں لیکن عمران خان کے احتساب کے بعد۔