مسرت جمشید چیمہ

اقوام متحدہ کشمیر میں مسلمانوں پر بڑھتے ظلم و ستم پر نوٹس لے، مسرت جمشید چیمہ

لاہور (لاہورنامہ) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی کی جنگ حقیقی آزادی تک جاری رہے گی۔

انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر میں جاری مسلمانوں پر ظلم و ستم پر اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادیں اور کشمیری عوام کی منشا پر من و عن عمل کروایا جائے۔ دنیا کے 33ویں بڑے ملک پاکستان میں بھی سیاسی مافیا نے بنیادی انسانی حقوق سلب کر رکھے ہیں، انسانی حقوق کی آزادی ایک طرف ،فاشسٹ حکومت نے حقوق کی بربادی کے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں۔

آج بولنے اور لکھنے کی آزادی سے محروم طبقہ کی آواز اٹھانے کا دن ہے، میڈیا پر لگائی قدغن اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں پر ظلم کیخلاف آواز اٹھانے کا دن ہے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ 180ممالک کی فہرست میں پاکستانی میڈیا 157نمبر پر آچکا ہے، 139ممالک کی فہرست میں ہماری عدلیہ 130ویں نمبر پر آچکی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کرپٹ اداروں میں عدلیہ تیسرے نمبر پر ہے.

تحقیقاتی صحافت کرنیوالے صحافیوں کو گولیوں سے چھلنی کیا جاتا ہے، ارشد شریف قتل کیس بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ریاستی ظلم وجبر کی مثال اعظم سواتی کیخلاف آئے روز مقدمات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے،ایوان بالا کے رکن پر سچ بولنے کی پاداش میں آدھے درجن سے زائد مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں.

سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان ہائیکورٹ نے رہا کیا تو سندھ پولیس اٹھا کر لے گئی، بزرگ شہری کو بیوی اور بچوں کے سامنے زودوکوب کرنا کس ملک کا آئین اجازت دیتا ہے؟۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ راستوں میں گاڑیاں روک کر بندوق کی نوک پر اٹھایا جاتا ہے، سیاسی ورکرز شہباز گل کو ننگا کر کے بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے، ملک میں آئین کی بالادستی کی جنگ حقیقی آزادی تک جاری رہے گی۔