لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں قبل از وقت انتخابات کیلئے جلسے جلوس کرنے والے آج انتخابات سے کیوں راہ فرار اختیار کر رہے ہیں.
آصف زرداری پٹا ہوا مہرہ ہے اگر ان کی سیاست اتنی کرشمہ دکھاتی توآج پیپلزپارٹی کی یہ حالت نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے ، جب تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تب بھی خرید و فروخت کی منڈی لگائی گئی ، ہمارے لوگوں کو توڑنے کیلئے ان کے پائوں تک کو ہاتھ لگایا گیا ۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف اور اتحادی (ق) لیگ کو اکثریت حاصل ہے پھر کس بنیاد پر تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے۔ کرپشن میں لتھڑے ہوئے آصف علی زرداری کا کام ہی سیاست میں آلودگی پھیلانا ہے .
لیکن ان شااللہ تحریک انصاف بہت جلد اس آلودگی اور کرپشن کے خلاف بھل صفائی کی مہم کرے گی ۔ دو تہائی اکثریت سے حکومت میں آکر احتساب کے شفاف نظام کیلئے نئی قانون سازی کریں گے اورپھر کسی کو لوٹ مار کے بعد مک مکا کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔