جاوید قصوری

حق دو تحریک کے گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے، جاوید قصوری

لاہو ر(لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گوادر کے مظلوم عوام کی ترجمانی کرنے والے مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر افراد پر تشدد کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے اور پر امن مظاہرین پر تشدد کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے .

جمعہ کے روز حکمرانوں کے ظلم و ستم کے خلاف احتجاج کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

گوادر کے نہتے ، پر امن مظاہرین پر تشدد کرکے ثابت کردیا ہے کہ حکومت کی نگاہ میں ان کی کوئی اہمیت نہیں۔ جو وعدے حکومت نے گوادر کے عوام کے ساتھ کیے تھے۔ ان کی تکمیل نہ کی گئی تو احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گواد کے لوگوں پر ظلم کرکے پاکستان سے دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے ۔

حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ 1971ء میں پاکستان کو دو ٹکڑے کردیا گیا اور آج بھی حالات کو خراب کیا جارہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ان لوگوں نے ماضی کے تلخ تجربات سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک طرف چوروں ، لٹیروں اور ڈاکوئوں کو جیلوں سے نکال کر ایوانوں میں پہنچادیا گیا، جو لوگ قومی مجرم تھے ، اقتدار ان کے حوالے کردیا گیا جبکہ دوسری طرف مظلوم لوگ ہیں جو اپنا جمہوری حقوق مانگ رہے ہیں، ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔