کراچی: پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز کراچی منتقل کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق سرحدوں پر کشیدگی اور سیکورٹی حالات کے پیشِ نظر ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پروڈکشن سامان لاہور نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے اب لاہور میں شیڈول کئے گئے میچز بھی کراچی میں ہوں گے،جو کہ اب 9 مارچ سے 17 مارچ تک کھیلے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ سات مارچ کو کھیلا جانا تھا جو کہ اب 10 مارچ کوہوگا اور اس میں کراچی کنگز پشاور زلمی کیخلاف کھیلے گی جبکہ 11 مارچ کو کراچی کنگز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میدان میں اتر ے گی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے تمام میچز شام کے اوقات میں کھیلے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز کراچی میں ہوں گے، میں نے 2 میچز مانگے تھے اب تو سارے مل گئے ہیں۔صحافی نے وزیراعلیٰ سے سوال کیا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں شفٹ کئے جارہے ہیں سندھ حکومت کیا کررہی ہے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس میں کراچی کے ہر شخص سے تعاون چاہوں گا، اپنی طرف سے ہر ممکن تیاری کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل سمیت 8 میچز پاکستان میں کھیلیں جائیں گے جن میں سے 3 لاہور اور فائنل سمیت 5 میچز کی میزبانی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو دی گئی تھی۔ تاہم اب تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
#/S
Load/Hide Comments