لاہور (لاہورنامہ) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ اکائونٹنٹ کی سوچ رکھنے والا وزیر خزانہ معیشت ٹھیک نہیں کرسکتا، اسحاق ڈار ابھی تک معیشت کی بحالی کاروڈ میپ دینے میں بھی ناکام ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کے وزیر خزانہ کی ابھی تک واحد کامیابی اپنے اثاثے بحال کرانا ہے، پی ڈی ایم کی نام نہاد تجربہ کار معاشی ٹیم نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، مہنگائی کے ستائے عوام پی ڈی ایم کے نااہلوں کو دن رات کوس رہے ہیں، پی ڈی ایم کے نا لائقوں نے گزشتہ 8ماہ میں معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتیں بند ہونے سے لوگوں کار روزگار چھن رہا ہے، عوامی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت ہی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اقتدار سے چمٹے رہنے کی ضد چھوڑے اور الیکشن کی طرف آئے۔