اسلام آباد (لاہورنامہ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت سندھ کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی ایک اور درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات اتوار 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق ہفتہ کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید بھی شریک تھے جبکہ کراچی سے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے 14 جنوری 2023ء کے صوبائی حکومت کے مراسلے پر غور کیا ۔ مراسلے میں صوبائی حکومت نے سیکشن 34، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں انتخابات جو 15 جنوری 2023ء کو شیڈولڈ ہیں کو ملتوی کیا جائے۔
اعلامئے کے مطابق الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا مراسلے پر غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا کہ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات (آج) 15 کو ہی ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو حکم دیا کہ وہ پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔