بلدیاتی انتخابات

بلدیاتی انتخابات میں سندھ حکومت نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڈ دیے، محمد جاوید

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کراچی میں سندھ حکومت نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڈ دیے ہیں۔ہماری اکثریت کو کم کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

آر اوز کی ملی بھگت پوری قوم کے سامنے آچکی ہے۔کراچی میں میئر شپ جماعت اسلامی کا حق ہے اور ہم اپنا حق لے کر رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 4.46روپے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری قابل مذمت ہے اس اقدام سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گا۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنانے کی قسم کھا رکھی ہے۔پہلے ہی قوم بحرانوں سے نبرد آزما ہے۔رہی سہی کسر بجلی کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ نے پوری کر دی ہے۔ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ ملک میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ زندگی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں۔

ملک کے اندر گندم، آٹا، چینی، آئل،سبزیاں، دالیں، پھل،مرغی کا گوشت سمیت ہر چیز کی قیمت کو پر لگ چکے ہیں۔چیک اینڈ بیلنس کا پورا نظام ہی کرپٹ اور مفلوج ہو چکا ہے۔حکمرانوں نے عوام الناس کوزندہ درگور کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ظلم کی انتہا ہے کہ روٹی کی قیمت 20اور نان کی قیمت 30روپے ہو چکی ہے۔

مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔کرپٹ اور ناجائز منافع خوروں اور دیگر مافیا نے سسٹم کو ناکارہ بنا دیا ہے۔شہری انتظامیہ ان کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن حالات کا ملک و قوم کو آج سامنا کرنا پڑ رہا ہے ماضی میں کبھی نہیں رہا۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ہی عوام کو دھوکہ دیا ہے۔کفایت شعاری کا درس دینے والے سرکاری خرچے پر عیاشیاں کر رہے ہیں۔ملک و قوم قرضوں کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے خزانوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔